بھارتی سپریم کورٹ کے رام مندر بنانے کے فیصلے پر میں نے شاہ رخ، عامر، سلمان خان سے معذرت کی: سوارا بھاسکر

بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے انکشاف کیا ہے کہ رام جنم بھومی سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر مجھے افسوس ہوا، میں نے شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان سمیت دیگر سے معذرت کی۔

38 سالہ اداکارہ سماجی مسائل پر اپنے بے باک خیالات اور سرگرمیوں کے باعث اکثر خبروں میں رہتی ہیں۔

انہوں نے حالیہ انٹرویو میں گفتگو کے دوران رام جنم بھومی کیس کے سابقہ فیصلے کا حوالہ دیا اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب رام جنم بھومی کیس کا فیصلہ آیا تو میں بہت پریشان ہوئی، میں سوچ رہی تھی کہ یہ کیسا ملک ہے اور یہ کیسا فیصلہ ہے؟

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اس لیے پریشان تھی کیونکہ مجھے لگا کہ یہ ناانصافی ہے، چنانچہ میں نے اپنی فون بک میں موجود تمام مسلمانوں کو پیغام بھیجا، جن میں شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان سے لے کر فہد تک سب شامل تھے۔

انہوں نے بتایا کہ میں ان تمام مسلمانوں سے رابطہ کرنا چاہتی تھی جنہیں میں جانتی ہوں، میں انہیں بتانا چاہتی تھی کہ ہندو مذہب سے تعلق ہونے کی حیثیت سے مجھے واقعی افسوس ہے، مجھے شرمندگی ہے اور میں اس فیصلے سے اتفاق نہیں کرتی۔

سوارا کے اس بیان کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے، بعض صارفین نے ان پر ہندوؤں کے جذبات مجروح کرنے اور عدالتی فیصلے کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

واضح رہے کہ نومبر 2019ء میں بھارتی سپریم کورٹ نے ایودھیا اراضی تنازع پر متفقہ فیصلہ سنایا تھا۔

عدالت نے حکم دیا تھا کہ ایودھیا میں متنازع 2.77 ایکڑ اراضی پر رام مندر تعمیر کیا جائے، جبکہ حکومت کو مسجد کی تعمیر کے لیے متبادل طور پر 5 ایکڑ اراضی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

Check Also

تعلق پنجاب سے،کراچی اچھا لگتا ہے: کنزا ہاشمی

جیو فلمز کے اشتراک سے بننے والی اینتھالوجی فلم ’شیروز‘ کی نامور اداکارہ کنزا ہاشمی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *