کراچی(پبلک پوسٹ)انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جو روٹ نے بھارت کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ میں جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔
جو روٹ نے 150 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ دیا اور دوسرے نمبر پر آ گئے۔
اب جو روٹ کے ٹیسٹ رنز کی تعداد 13,409 ہو چکی ہے جبکہ اس فہرست میں سرفہرست بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر ہیں جن کے رنز کی تعداد 15,921 ہے۔
34 سالہ روٹ 39 ویں اوور میں اس وقت کریز پر آئے جب انگلینڈ کا اسکور 197 رنز پر 2 وکٹوں کے نقصان پر تھا۔ اوپنرز کے شاندار آغاز کے بعد انہوں نے اننگز کو سنبھالا، دوسرے دن کا کھیل ختم کیا اور تیسرے دن اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے انگلینڈ کو مستحکم پوزیشن میں پہنچا دیا۔
اپنی اننگز کے دوران روٹ نے تیزی سے کئی عظیم بلے بازوں کو پیچھے چھوڑا۔ 57ویں اور 58ویں اوور میں انہوں نے راہول ڈریوڈ (13,288) اور جیک کیلس (13,289) کو پیچھے چھوڑا، جب کہ 101ویں اوور میں وہ رکی پونٹنگ (13,378) سے آگے نکل گئے۔