پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار شیراز اپل نے بھارتی لیجنڈری گلوکار اور موسیقار اے آر رحمان کو اپنا استاد قرار دے دیا۔
گلوکار شیراز اپل نے شور کے دوران اپنے کیریئر کے دلچسپ واقعات سنائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج بھی اے آر رحمان مجھے بلائیں گے تو میں چلا جاؤں گا کیونکہ ان سے میرا رشتہ دونوں ممالک کے تعلقات سے بڑھ کر ہے وہ ایک مسلمان اور میرے استاد ہیں۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے شیراز اپل نے بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث مختلف فنکاروں کے نام اور چہرے پوسٹرز سے ہٹا دیے لیکن رائیلٹی اب بھی سب کو آ رہی ہے۔ پیسہ نہیں رکا کیونکہ وہ کانٹریکٹ کا حصہ ہے۔
قبل ازیں شیراز اپل نے یہ بھی بتایا کہ اے آر رحمان نے انہیں کیسے اپروچ کیا اور انہوں نے بھارتی گلوکار کا کونسا گانا گایا؟
انہوں نے بتایا کہ میری اہلیہ ہی میری مینیجر ہے، ابتدائی طور پر اہلیہ نے اے آر رحمان کو بذریعہ ای میل میرے بارے میں بتایا جس کے جواب میں ان کا صرف ایک لفظ ’انشااللّٰہ‘ کا جواب آیا۔ بعدازاں ہمیں معلوم ہوا کہ بھارتی لیجنڈری گلوکار کسی ہوٹل میں آڈیشنز لے رہے ہیں تو ہم وہاں پہنچ گئے کافی گھنٹے ان کا انتظار کرنے کے بعد ہمیں ان سے ملاقات کا موقع ملا تو میں نے آڈیشن دیا جو انہیں پسند آیا پھر تقریباً 3 سے 4 ماہ بعد انہوں نے مجھے گانے ’شاکالاکہ شاکالاکہ‘ کے لیے برطانیہ بلا لیا۔
THE PUBLIC POST