بھارت کی بھوجپوری فلم انڈسٹری کے گلوکار و اداکار پوَن سنگھ کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اِنہیں اپنی ساتھی اداکارہ انجلی راگھَو کو بغیر اجازت اور نامناسب انداز میں چھوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ پون سنگھ کے نئے گانے ’سَیّاں سیوا کرے‘ کی پروموشنل تقریب کے دوران پیش آیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سنہری ساڑھی پہنے انجلی راگھَو شو کے شرکاء کے ساتھ بات چیت کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ اسی دوران پون سنگھ ان کی اجازت کے بغیر ان کی کمر پر ہاتھ رکھتے ہیں اور غیراخلاقی انداز میں مذاق کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے پون سنگھ کے اس رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا، ’یہ ہے بھوجپوری اسٹار پون سنگھ، سوچیے ان کے مداح ان سے کیا سیکھ رہے ہیں۔‘
ایک اور صارف نے لکھا، ’کتنا گھناؤنا اور شرمناک عمل ہے، اتنے عوام کے سامنے بھی اِنہیں کوئی شرم محسوس نہیں ہوئی، انجلی راگھَو واضح طور پر غیر آرام دہ نظر آ رہی تھیں لیکن وہ اسٹیج پر تھپڑ مارنے سے گریز کر گئیں۔‘
ایک صارف نے بھوجپوری انڈسٹری کی بدنامی کی وجہ پوَن سنگھ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ پوری بھوجپوری کمیونٹی کو بدنام کرتے ہیں، یہ نہیں سمجھتے کہ نوجوان ان سے متاثر ہو کر غلط راستے پر چل رہے ہیں، یہ انتہائی شرم کی بات ہے۔