کراچی(پبلک پوسٹ)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ یہ شہر ہمارا ہے، مسائل کے حل کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کی اتھارٹی کس کے پاس ہے یہ سوال وزیر اعظم یا وفاقی وزیروں سے کیا جانا چاہیے، میں تو صرف اتنا کہتا ہوں کہ شہر تو ہمارا ہے اور کراچی کے عوام کو درپیش مسائل حل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی نہ کسی سطح پر کمانڈ ہونا لازمی ہے تاکہ مؤثر کام ہوسکے۔ وہ حکومت اور وزیر اعلیٰ سندھ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے سب کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے تاہم شہر میں کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کچھ سیاسی اداکار صرف اس وقت نظر آتے ہیں جب تنقید کرنی ہو، ورنہ کام کرنے کے لیے کوئی نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں لیاری ندی اور اورنگی ندی کو اس طرح بہتے کبھی نہیں دیکھا۔ شاہراہِ بھٹو اور حب کنال پر ترقیاتی کام جاری ہیں، قائد آباد والا فیز زیر تعمیر ہے اور وہاں پر بھی جلد سہولتیں میسر ہوں گی۔ حب کنال کا پرانا حصہ تعمیر ہوچکا ہے جبکہ 22 کلو میٹر نیا حصہ بھی مکمل کیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کچھ لوگ بغضِ پیپلز پارٹی کے بعد اب بغضِ کراچی میں مبتلا ہیں۔ پنجاب کے کئی علاقوں میں بھٹو اور زرداری گئے لیکن وہاں کسی نے تنقید نہیں کی، مگر کراچی کے معاملے پر لوگ بلا وجہ تنقید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 2003، 2013 اور 2020 میں بارشوں کے دوران کیا حالات ہوئے سب کے سامنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں شہر کی سڑکوں کا ذمہ دار ہوں، یہ لوگ جو صرف تنقید کرتے ہیں دراصل نکمے ہیں۔ ہم اتوار سے دوبارہ سڑکوں پر مرمت اور بحالی کا کام شروع کریں گے۔ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے زیر انتظام ٹاؤنز بھی اگر ساتھ دیں تو شہر کے مسائل زیادہ بہتر طور پر حل ہوسکتے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ 106 سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ بارش کے باعث ایک فٹ کا گڑھا چھ فٹ تک بڑھ جاتا ہے جس سے سڑکوں کو نقصان ہوتا ہے۔ اس حوالے سے 75 سے 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے تاہم بارش سے ہونے والے اضافی نقصان کے بعد مزید رقم درکار ہوگی، جس کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے کام کو بارش کے باعث عارضی طور پر روکا گیا تھا لیکن اتوار سے دوبارہ مرمت اور بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سہولت فراہم کی جاسکے۔