دبئی(پبلک پوسٹ)ایشیا کپ کے گروپ میچ میں متنازع بننے والے ریفری اینڈی پائیکرافٹ پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور کے دوسرے میچ میں بھی ریفری ہوں گے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق 14 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں ہاتھ ملانے سے منع کرنے کے تنازع میں ملوث ہونے والے اینڈی پائیکرافٹ اتوار کو بھی پاک-بھارت میچ میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور کا میچ کل (اتوار،21 ستمبر) دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ 14 ستمبر کو گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی شکست دے دی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
بعد ازاں پاکستانی ٹیم کے کوچ نے بتایا تھا کہ میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا کو بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملانے کا کہا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اینڈی پائیکرافٹ کو دیگر میچوں میں ذمہ داری نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔
پی سی بی کے احتجاج کے بعد اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستانی کپتان سے معافی مانگ لی تھی اور اس کے بعد پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے خلاف ایشیا کپ کا میچ کھیلا تھا اور اینڈی پائیکرافٹ ریفری تھے۔
قومی ٹیم نے سپر فور کے میچ سے قبل اپنی پریس کانفرنس بھی منسوخ کردی ہے اور بھارت سے میچ سے قبل ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سائیکولوجسٹ کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔