کراچی میں پولیو ورکر سے مبینہ زیادتی، پولیس اہلکار معطل — انکوائری شروع

کراچی (رپورٹ: صباحت رضا زیدی) کراچی میں انسداد پولیو مہم کے دوران افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ میٹھادر تھانے کے ایک پولیس کانسٹیبل پر پولیو ورکر سے مبینہ جنسی زیادتی کا الزام عائد ہوا ہے، جس کے بعد اہلکار کو معطل کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ خاتون یتیم، طلاق یافتہ اور دو بچوں کی ماں ہے، جو روزگار کے لیے پولیو ٹیم کے ساتھ خدمات انجام دے رہی تھی۔ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ معطل پولیس اہلکار زریاب بھی اسی ٹیم کا حصہ تھا، جس نے واٹس ایپ گروپ سے اس کا نمبر حاصل کرکے مسلسل رابطہ رکھا اور شادی کی پیشکش کی۔
خاتون کے مطابق ملزم نے اس کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھایا اور ایک گیسٹ ہاؤس لے جا کر اسے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ ورکر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کے نتیجے میں حاملہ ہو گئی ہے اور ملزم اب شادی سے انکار کر رہا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے واقعے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ کو شفاف انکوائری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی شکایت کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھائی جا رہی ہیں اور قصور ثابت ہونے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سول سوسائٹی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف محکمہ پولیس کے وقار پر سوالیہ نشان ہے بلکہ پولیو ورکرز کی سلامتی اور ان کے کام کے ماحول پر بھی سنگین خدشات کو جنم دیتا ہے۔

Check Also

ن لیگ سے لفظی جنگ؛ پیپلز پارٹی کا وزیراعظم سے ملاقات کرکے معاملہ اٹھانے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے لفظی جنگ کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *