وزیرِاعظم شہباز شریف کی نیتن یاہو سے ملاقات کی خبر جھوٹی نکلی

وزیرِاعظم شہباز شریف کی اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی خبر جھوٹی نکلی۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ دنوں ایک دعویٰ گردش کرتا رہا کہ وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے اسرائیلی وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو سے مصر میں ہونے والی امن کانفرنس کے دوران ملاقات کی۔

یہ دعویٰ تحریکِ انصاف کی رہنما شاندانہ گلزار خان نے کیا، جنہوں نے 15 اکتوبر کو اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے آرٹیکل 6، غداری جیسے الفاظ استعمال کیے۔
ان کی یہ پوسٹ ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد بار دیکھی گئی، 1100 سے زیادہ مرتبہ ری شیئر کی گئی اور 2700 سے زائد لائکس حاصل کیے، اسی تصویر کو دوسرے صارفین نے بھی اسی دعوے کے ساتھ شیئر کیا کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اچھے دوست ہیں اور ہاتھ ملا رہے ہیں تاہم، یہ دعویٰ مکمل طور پر غلط ہے۔

اصل تصویر میں وزیرِاعظم شہباز شریف اسرائیلی نہیں بلکہ آرمینیا کے وزیرِاعظم نیکول پشینیان سے ملاقات کر رہے ہیں، یہ ملاقات 13 اکتوبر کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں امن سربراہی اجلاس کے دوران ہوئی تھی، پاکستان اور اسرائیل کے درمیان کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں، لہٰذا ایسی ملاقات کا کوئی امکان ہی نہیں تھا۔

اس کی فوٹیج وزیراعظم کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی گئی ہے، اسی طرح آرمینیا کی سرکاری خبر ایجنسی آرمین پریس نے بھی اپنے یوٹیوب چینل پر اس ملاقات کی ویڈیو جاری کی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ تصویر وہیں سے لی گئی ہے۔

نہ تو اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو اور نہ ہی حماس کے نمائندے مصر کے امن اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔

وائرل ہونے والی تصویر جعلی دعوے کے ساتھ شیئر کی گئی، یہ دراصل وزیرِاعظم شہباز شریف اور آرمینین وزیرِاعظم نیکول پشینیان کی ملاقات کی تصویر ہے، نیتن یاہو کی وزیراعظم شہباز شریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، بلکہ اس تصویر کو ایڈٹ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔

Check Also

جعلی بینک اکاؤنٹس کیسز کے بااثر ملزمان کا ملک سےفرار کا خدشہ، نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

منی لانڈرنگ اور جعلی بینک اکاؤنٹس کیسز میں ملوث متعدد بااثر ملزمان بیرونِ ملک فرار …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *