کراچی (رپورٹ :صباحت زیدی) ملیر سٹی پولیس نے دورانِ اسنیپ چیکنگ بروقت کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث دو مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق کارروائی ملیر سٹی تھانے کی حدود میں اس وقت کی گئی جب دورانِ اسنیپ چیکنگ موٹرسائیکل پر سوار دو مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اہلکاروں نے تعاقب کرکے دونوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ دورانِ تلاشی ملزمان کے قبضے سے 50 گرام آئس (میٹھامفیٹامین) برآمد ہوئی، جب کہ زیرِ استعمال موٹرسائیکل کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ موٹرسائیکل کا ریکارڈ AVLC حکام کے ذریعے چیک کیا جا رہا ہے تاکہ کسی دیگر واردات میں اس کے استعمال کا سراغ لگایا جا سکے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت فیصل اور آقا کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل کے ذریعے آئس فروخت کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان ماضی میں بھی مختلف تھانوں سے گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، جب کہ نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
