پی سی بی نے اپنا پہلا آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم متعارف کرادیا

لاہور(پبلک پوسٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ‘پی سی بی لائیو’ کے نام سے اپنا پہلا آن لائن اسٹریمنگ OTT پلیٹ فارم متعارف کرا دیا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق ‘پی سی بی لائیو’ فی الحال برطانوی ناظرین کے لیے آزمائشی بنیادوں پر ویب بیسڈ سروس کے طور پر دستیاب ہے۔ برطانیہ میں مقیم شائقین https://live.pcb.com.pk/ پر رجسٹریشن کے بعد پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ سیریز کے میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔

یہ سیریز 12 اکتوبر 2025 سے شروع ہوگی جبکہ اکتوبر کے آخری ہفتے میں اس پلیٹ فارم کی موبائل ایپ بھی برطانوی صارفین کے لیے جاری کر دی جائے گی، جس کے ذریعے شائقین اپنے موبائل فونز اور اسمارٹ ڈیوائسز پر ‘پی سی بی لائیو’ ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے کرکٹ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے شروع کیا جانے والا یہ پہلا اسٹریمنگ پلیٹ فارم نہ صرف لائیو میچز بلکہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے یادگار لمحات، آرکائیو فوٹیج، اور پرانے میچز کی ہائی لائٹس بھی پیش کرے گا۔ پلیٹ فارم پر پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کے درمیان آئندہ سہ فریقی سیریز سمیت مختلف انٹرنیشنل میچز بھی براہِ راست نشر کیے جائیں گے۔

‘پی سی بی لائیو’ شائقین کو پاکستان کرکٹ کی دنیا تک ایک نئے انداز میں رسائی دے گا، جہاں کھلاڑیوں کے انٹرویوز، دستاویزی فلمیں، تازہ اپ ڈیٹس اور ٹریننگ سیشنز بھی شامل ہوں گے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ “پی سی بی لائیو” کا آغاز پاکستانی کرکٹ کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے جو مستقبل کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ سروس فی الحال برطانیہ میں شروع کی جا رہی ہے، تاہم جلد ہی اسے دیگر خطوں تک بھی وسعت دی جائے گی تاکہ دنیا بھر میں موجود شائقین اپنے پسندیدہ کھیل سے منسلک رہ سکیں۔

Check Also

ناقص فارم کے باوجود بابر اعظم نے بڑا کارنامہ سرانجام دے دیا

کراچی(پبلک پوسٹ)پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 3 ہزار …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *