قومی ٹیسٹ ٹیم کے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کے انتہائی نزدیک پہنچ گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کے باعث نعمان علی نے کیریئر بیسٹ پوزیشن حاصل کرلی۔
نعمان علی نے چار درجے ترقی سے جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا کی دوسری پوزیشن پر قبضہ جمایا جبکہ ربادا پانچویں پوزیشن پر چلے گئے۔
نعمان علی کا پہلی پوزیشن پر موجود بھارت کے ایشون سے فاصلہ انتہائی کم رہ گیا ہے۔
شاہین آفریدی تین درجے ترقی سے انیسویں نمبر پر آگئے جبکہ ساجد خان کی اکیسویں اور محمد عباس ستائیسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز کی فہرست میں جو روٹ، ہیری بروک، کین ولیمسن، اسٹیو اسمتھ اور یشسوی جیسوال بدستور بالترتیب پہلی سے پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
سعود شکیل ایک درجے تنزلی سے تیرہویں پوزیشن پر چلے گئے جبکہ محمد رضوان چار درجے ترقی سے سولہویں نمبر پر آگئے۔
بابر اعظم دو درجے ترقی سے بائیسویں اور سلمان آغا آٹھ درجے ترقی سے تیسویں نمبر پر آگئے۔
THE PUBLIC POST