کراچی(رپورٹ :عمران خان )وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے جدید ورژن IBMS-II کا افتتاح کردیا، جو پاکستان کی سرحدی سیکیورٹی اور امیگریشن نظام میں ایک بڑا تکنیکی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساوتھ مجاہد اکبر خان اور ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی منتظر مہدی نے شرکت کی۔
ایف آئی اے کے مطابق یہ جدید نظام نہ صرف کراچی بلکہ ملک کے تمام بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بھی نصب کردیا گیا ہے۔ IBMS-II کے ذریعے مسافروں کی شناخت، ویزا تصدیق، اور پاسپورٹ ویریفیکیشن کا پورا عمل اب خودکار اور ڈیجیٹل انداز میں مکمل ہوگا۔
نیا نظام پاکستانی پاسپورٹ کی ریئل ٹائم تصدیق کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں چہرہ شناسی نظام (Face Recognition System) کے ذریعے پاسپورٹ ہولڈر کی بایومیٹرک شناخت خودکار طور پر کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ غیر ملکی ویزا رکھنے والے افراد کی بھی چہرے کے ذریعے فوری شناخت ممکن ہوگی۔
مزید برآں، اس نظام کے تحت پروٹیکٹر کلیئرنس، سرکاری ملازمین کی شناخت، اور این او سی ویریفیکیشن بھی فوری طور پر کی جا سکے گی۔ سسٹم کو نیشنل اسٹاپ لسٹ اور انٹرپول ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ یا مطلوب شخص کی فوری نشاندہی ممکن ہو۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، IBMS-II کے نفاذ سے سرحدی سیکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے، جو جعلی پاسپورٹ اور غیر قانونی امیگریشن جیسے جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے ہوائی اڈوں پر داخلے اور اخراج کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لایا جا رہا ہے۔
ادارے کے مطابق یہ منصوبہ ایف آئی اے کے اُس عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنانے، قانونی مسافروں کو سہولت فراہم کرنے، اور قومی سلامتی کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔
THE PUBLIC POST