جنوبی افریقا نے گوہاٹی ٹیسٹ میں 408 رنز سے فتح حاصل کرکے بھارت کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
گوہاٹی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم 549 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پانچویں روز صرف 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بھارتی بلے باز جنوبی افریقی اسپنرز کے آگے بے بس دکھائی دیے۔ یہ بھارت کی ٹیسٹ کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے۔
بھارت نے 27 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو کچھ ہی دیر بعد کلدیپ یادیو (5) اور دھروو جوریل (2) ایک ہی اوور میں پویلین واپس لوٹ گئے۔
کپتان رشابھ پانت بھی 13 رنز بناکر چلتے بنے۔ صرف 58 رنز پر آدھی بھارتی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔
سائی سدھرشن آؤٹ ہونے والے چھٹے بلے باز تھے جنہوں نے 139 گیندوں پر 14 رنز بناکر بھارت کی دوسری سست ترین اننگز کھیلی۔
واشنگٹن سندر 16 جبکہ نتیش کمار ریڈی اور محمد سراج بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
سائمن ہارمر نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے 37 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ کیشو مہاراج نے 3 اور سینوران متھوسامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے اپنی دوسری اننگز 260 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرکے بھارت کو جیت کے لیے 549 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ٹرسٹان اسٹبز 94، ٹونی ڈی زورزی 49، رائن ریکلٹن 35، ایڈن مارکرام 29 اور کپتان ٹمبا باووما 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے جبکہ ویان ملڈر 35 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا نے 4 اور واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سینوران متھوسامی (109) اور مارکو جینسن (93) کی کیریئر بیسٹ اننگز کی بدولت 489 رنز بنائے تھے۔
بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 201 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ یشسوی جیسوال 58 اور واشنگٹن سندر 48 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔
THE PUBLIC POST