پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے نادرن بائی پاس پر انٹیلیجنس بیسڈ طویل دورانیے کی کارروائی کے دوران ایرانی اسمگل شدہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑی کھیپ ضبط کر لی۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران پیٹرول پمپس کی آڑ میں قائم پانچ ڈمپنگ پوائنٹس پر چھاپے مارے گئے جہاں سے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات برآمد ہوئیں۔
کسٹمز حکام نے بتایا کہ مجموعی طور پر 64 ہزار 578 لیٹر ایرانی اسمگل شدہ پیٹرول اور ڈیزل ضبط کیا گیا، جس میں 43 ہزار لیٹر ڈیزل مختلف پیٹرول پمپس سے، 10 ہزار 139 لیٹر پیٹرول جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کے لیے مخصوص ڈیزائن کی گئی مزدا گاڑی سے 11 ہزار 439 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد ہوا۔
کارروائی کے دوران استعمال ہونے والی مزدا گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی جس کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ ضبط شدہ پیٹرول اور ڈیزل کی مالیت 1 کروڑ 65 لاکھ روپے ہے، جبکہ کیس کی مجموعی مالیت 3 کروڑ 65 لاکھ روپے بنتی ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
THE PUBLIC POST