کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، حیدر آباد اور پشاور سمیت ملک بھر میں سال 2025 کا آخری سورج غروب ہو گیا۔ کئی شہروں میں موسم ابر آلود ہونے کے باعث شہری سورج غروب ہونے کا منظر نہ دیکھ سکے، تاہم سال کے اختتام پر مختلف مقامات پر شہریوں نے ایک دوسرے کو نئے سال کی پیشگی مبارکباد دی۔
دوسری جانب اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں نئے سال کے جشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
کراچی پولیس چیف نے نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ اور قانون شکنی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ محض ہوائی فائرنگ کا نہیں بلکہ اقدامِ قتل کے تحت درج کیا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نئے سال کا جشن ذمہ داری اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے منائیں تاکہ کسی قیمتی جان کو نقصان نہ پہنچے۔
THE PUBLIC POST