پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 90 رنز سے شکست دے کر 7 سال بعد ٹی 20 سیریز جیت لی۔
لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 199 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم 15.4 اوورز میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کیمرون 35 رنز بنا کر نمایاں رہے، میتھیو شارٹ نے 27 رنز بنائے۔
کپتان مچل مارش 18 رنز بناسکے، ٹریوس ہیڈ کو 4 رنز پر صائم ایوب نے بولڈ کیا، جوش انگلس 5 اور میتھیو شارٹ 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور شاداب خان نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عثمان طارق نے دو، صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کپتان سلمان علی آغا نے 40 گیندوں پر 76 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، عثمان 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، صائم ایوب نے 23 اور شاداب خان نے 28 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ژیویر بارٹلیٹ، میتھیو کھونیمن، شان ایبٹ اور کوپر کونولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ میں نمبر 3 پر بیٹنگ کروں گا، ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، کوشش ہوگی آسٹریلیا کیخلاف بڑا ٹوٹل کریں۔
کپتان سلمان علی آغا کا مزید کہنا تھا کہ فخر زمان، شاہین آفریدی اور سلمان مرزا کو آرام دیا گیا ہے جبکہ فہیم اشرف، نسیم شاہ اور عثمان طارق پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 22 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔
THE PUBLIC POST