کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھر کے اندر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت دانش کے نام سے ہوئی ہے اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول کے چچا زاد بھائی حماد نے بتایا کہ دانش پیدائشی طور پر نابینا نہیں تھا بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ اس کی بینائی ختم ہوئی۔ اس کے دیگر تین بھائی بھی نابینا ہیں۔ دانش بلدیہ کے ایک سرکاری اسکول میں نائب قاصد کے طور پر ملازمت کرتا تھا جبکہ صبح سے شام تک اپنے گھر میں بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم بھی دیتا تھا۔
حماد کے مطابق واقعے کے بعد گھر سے تین موبائل فون غائب پائے گئے تھے، تاہم وہ بعد میں گھر کے قریب ایک گراؤنڈ سے مل گئے۔ ان موبائل فونز میں نابینا افراد کے استعمال کے لیے مخصوص سافٹ ویئر “ٹاک بیک” نصب تھا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دانش کی جلد شادی ہونے والی تھی اور گزشتہ رات بھی شادی کی خریداری کی گئی تھی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
THE PUBLIC POST