بالی ووڈ کی ملکہ آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں مگر ان کے ساتھی اداکار بھی نہ صرف ان کے مداح بلکہ ان کی محبت میں بھی گرفتار رہ چکے ہیں۔
ایسے ہی ایک اداکار کے بارے میں آج ہم کو بتانے جارہے ہیں جو سری دیوی کی محبت میں گرفتار رہے تاہم کبھی ان سے اپنی محبت کا اظہار نہ کرسکے۔ یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے کہ اس اداکار نے سری دیوی کے ساتھ ایک فلم میں ان کے سوتیلے بیٹے کا کردار بھی ادا کیا ہے۔
یہاں بات ہورہی ہے ساؤتھ فلموں کے سُپر اسٹار رجنی کانت کی، سری دیوی نے اپنی زندگی کی ایک اہم فلم میں رجنی کانت کے ساتھ اسکرین شیئر کی ان دونوں کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے بھی بےحد پسند کیا گیا۔
اس فلم کی شوٹنگ کے دوران رجنی کانت کو خوبصورت ساتھی اداکارہ اور سب کے دلوں پر راج کرنے والی سری دیوی سے محبت ہو گئی اور وہ ان سے اپنی محبت کا اظہار کرنا چاہتے تھے مگر ایک واقعے کی وجہ سے وہ اس سے اپنے جذبات کا اظہار نہیں کر سکے۔
مصنف اور ہدایت کار بالاچندر نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں اس دلچسپ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ سری دیوی رجنی کانت سے عمر میں بہت چھوٹی تھیں اور رجنی کانت نے ہمیشہ ان کا بہت خیال رکھا۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں کے درمیان ایک بےحد خوبصورت تعلق تھا یہی نہیں بلکہ سری دیوی نے رجنی کانت کی صحت بگڑنے پر سات دن کا اُپواس بھی رکھا تھا۔
ہدایتکار کے مطابق ایک دن جب رجنی نے سری دیوی کو سچائی بتانے کا ارادہ کیا اور وہ ان کے گھر پہنچے، تو اچانک گھر کی بتیاں بجھ گئیں، شاید لائٹ چلی گئی تھی یا کچھ اور مسئلہ تھا تاہم رجنی کانت نے اس کو ایک برا شگون سمجھا اور بغیر کچھ کہے لوٹ گئے اور پھر کبھی اپنی محبت کا اظہار نہیں کیا۔
بعد ازاں سری دیوی نے پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کر لی اور یوں یہ ایک طرفہ محبت کی کہانی بھی ادھوری رہ گئی۔