اسلام آباد(پبلک پوسٹ)مشہور پاکستانی فیملی ویلاگر رجب بٹ ان دنوں فہد مصطفیٰ کو فیملی ویلاگنگ سے متعلق دیے بیان پر جواب دینے کے بعد سے سرخیوں میں ہیں تاہم اب فہد مصطفیٰ کے ساتھی اداکار شمعون عباسی بھی فہد کے دفاع میں سامنے آگئے ہیں۔
گزشتہ دنوں فہد مصطفیٰ نے تمام فیملی بلاگرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مواد بنانے کے لیے اپنے اہل خانہ کو فروخت کر رہے ہیں۔ جس پر رجب بٹ نے بھی فہد مصطفیٰ کو کڑا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ فہد مصطفیٰ کون ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ان لوگوں کا احترام نہیں کر سکتے جو بڑوں والے کام نہیں کرتے اور بڑے اپنی عزت خود کرواتے ہیں۔
اب اداکار شمعون عباسی بھی فہد مصطفیٰ کی حمایت میں آگے آگئے ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں رجب بٹ کو شائستہ انداز میں جواب دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں اداکاروں کی کیرئیر بنانے کی جدوجہد اور بے مثال شہرت کے بارے میں بھی بات کی۔شمعون عباسی نے اپنے ویڈیو پیغام میں رجب بٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ فہد مصطفیٰ ایک بڑا نام ہے۔ وہ 20 سال سے زیادہ عرصے سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ میں کہنا چاہوں گا کہ اداکار اپنے فن اور کام کی وجہ سے ہر شعبے سے اپنے مداح بناتے ہیں‘۔