کراچی (پبلک پوسٹ )
گلشن حدید لنک روڈ پر حیدرآباد سے کراچی آنے والی تیز رفتار بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور 25 مسافر زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ کے قریب حیدرآباد سے کراچی آنے والی تیز رفتار مسافر بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے بارعث بس میں سوار متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔اطلاع ملنے پر علاقہ مکین، پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، چھیپا اور ایدھی کے رضاکاروں نے پولیس اور علاقہ مکینوں کی مدد سے زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اور نجی اسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق حادثے میں دو خواتین اور دو مرد جاں بحق اور 25 مسافر زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ کوثر زوجہ سعید، 60 سالہ پنا زوجہ محمد علی، 59 سالہ عبدالغفور ولد محمد اسماعیل اور 25 سالہ غلام فرید ولد یاسین کے ناموں سے کی گئی، جاں بحق ہونے والے افراد مختلف علاقوں کے رہائشی تھے جو حیدرآباد سے کراچی ا ٓرہے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا کے آنے کے بعد لاشیں قانونی کارروائی کے بعد ان کے حوالے کر دی جائیں گی۔