عالمی و ملکی میڈیا کا دورہ ایل او سی؛ خود مختاری کے دفاع کیلیے ہر حد تک جائیں گے، عطا تارڑ

اسلام آباد(پبلک پوسٹ)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بین الاقوامی و مقامی میڈیا کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جس میں بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کے لیے زمینی حقائق میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے۔

وزارت اطلاعات نے مقامی اور عالمی میڈیا کے نمائندگان کے دورے میں سہولت فراہم کیں، دورے کا مقصد بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنا تھا۔

میڈیا کے نمائندوں کو ان مخصوص مقامات پر لے جایا گیا جنہیں بھارت کی جانب سے مبینہ دہشت گردی کے ٹھکانے قرار دیا گیا تھا۔ زمینی حقائق، مقامی آبادی کی گواہی اور حالات کا خود مشاہدہ کر کے میڈیا نے ان بھارتی دعوؤں کی حقیقت جاننے کا موقع حاصل کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بارہا پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے لیکن آج ہم نے عالمی اور ملکی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھ دیے ہیں، جو مقامات بھارت خیالی دہشت گرد کیمپس قرار دیتا رہا ہے، وہ دراصل عام شہری آبادی کے علاقے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی پرعزم ہے اور پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی یا دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے عمل سے بارہا ثابت کیا ہے کہ ہم امن کے داعی ہیں مگر اپنی خود مختاری کے دفاع کے لیے ہم ہر حد تک جائیں گے۔ بھارت کو الزام تراشی سے پہلے اپنے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر پروپیگنڈا کرتا ہے لیکن آج عالمی میڈیا نے خود اپنی آنکھوں سے اصل حقیقت دیکھ لی ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کے سامنے واضح کیا ہے کہ وہ علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے تاہم کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی، بھارت کی پاکستان پر الزام تراشی کوئی نئی بات نہیں۔ آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کے مبینہ کیمپوں کے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے، کسی ملک نے آج تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانی نہیں دی۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ جعفر ایکسپریس دنیا کے سنگین واقعات میں سے ایک ہے اور بھارتی میڈیا نے جعفر ایکسپریس واقعے پر شادیانے بجائے، بھارتی میڈیا دہشت گردوں سے جعفر ایکسپریس واقعے کی فوٹیج حاصل کر کے چلاتا رہا، عالمی میڈیا نے بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیر چناسی خوبصورت علاقہ ہے لیکن پیر چناسی کے بارے میں بھی کہا گیا کہ یہاں دہشت گردوں کے کیمپس ہیں، بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہو چکا ہے۔ امریکا اور کینیڈا میں سکھوں کے قتل میں بھارت ملوث ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ پہلگام واقعے کی ایف آئی آر واقعے کے 10 منٹ بعد درج کی گئی، پہلگام واقعے پر ہم نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کلبھوشن یادیو یہاں پر کیا کر رہا تھا؟ کلبھوشن یادیو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا، وہ ہمارے پاس گرفتار ہے۔ عجیب بات ہے کہ بھارت الزام تو لگاتا ہے لیکن ثبوت نہیں دیتا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے گا، مس ایڈونچر کا منہ توڑ اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Check Also

رواں ہفتے کتنی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری

اسلام آباد(پبلک پوسٹ)ملک میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی رفتار …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *