’’پاکستان ہے تو ہم ہیں‘‘، علی ظفر کا جذباتی پیغام وائرل
’’بے گناہ جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی ایسی اشتعال انگیز کارروائیاں انتہائی قابل مذمت ہیں‘‘؛ علی ظفر
پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر ایک بھرپور اور سنجیدہ پیغام دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان فوری مکالمے اور عالمی برادری کی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
علی ظفر کے سوشل میڈیا پیغامات نہ صرف عوامی جذبات کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ جنگ کے اندھے جنون پر ایک تلخ سوال بھی اٹھاتے ہیں۔ اپنی ٹویٹس میں علی ظفر نے انکشاف کیا کہ ’’ابھی ابھی ہمارے گھر کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔‘‘
یہ بیان ان فضائی کارروائیوں کے پس منظر میں آیا ہے جن میں پاکستانی افواج نے مبینہ طور پر سرحد پار سے آنے والے ڈرونز کو نشانہ بنایا۔ علی ظفر نے جنگ کے نعروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا: ’’جو لوگ جنگ کے ڈھول پیٹ رہے ہیں، کیا وہ سمجھتے بھی ہیں کہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کا مطلب کیا ہوتا ہے؟ یہ فلم نہیں ہے، جنگ تباہی ہے!‘‘
اس سخت مگر حقیقت پسندانہ مؤقف کے ساتھ علی ظفر نے ایک طرف جہاں پاک افواج پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، وہیں عالمی برادری سے فوری مداخلت کی بھی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا ’’ایسی اشتعال انگیزیاں، جو معصوم جانوں کو خطرے میں ڈالتی ہیں، شدید قابلِ مذمت ہیں۔ ہم نے ہمیشہ اپنی افواج پر مکمل اعتماد رکھا ہے، مگر یہ سمجھنا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کمزوری ہے، ایک بڑی غلط فہمی ہوگی۔‘‘