حال ہی میں پاکستان ایئر فورس کے ایئر وائس مارشل (اے سی ایم) اورنگزیب احمد، جو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب قیادت کے بعد خبروں کی زینت بنے، اب ایک اور وجہ سے سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں اور وہ ہے نادیہ خان کا ان کے رشتہ دار ہونے کا دعویٰ۔
نادیہ خان نے نجی ٹی وی پر اپنے مارننگ شو میں انکشاف کیا کہ ایئر وائس مارشل اورنگزیب ان کے شوہر فیصل راؤ کے بھائیوں جیسے قریبی دوست اور ساتھی فائٹر پائلٹ ہیں۔
نادیہ نے ایک پرانی تصویر بھی دکھائی جس میں فیصل راؤ اور اورنگزیب 1989ء میں کسی تفریحی مقام پر دیگر دوستوں کے ہمراہ ساتھ کھڑے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ جب میری 2021ء میں فیصل سے شادی ہوئی تو مجھے بتایا گیا کہ ان کے 3 بھائی ہیں، مگر انہوں نے کہا کہ میرا ایک اور بھائی بھی ہے اورنگزیب جو ایک زبردست فائٹر پائلٹ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ دونوں گھنٹوں فون پر بات کرتے تھے، پھر میں ان سے ملی، ان کی فیملی بہت شاندار ہے، ان کی بیوی ایک بااخلاق خاتون ہیں اور بچے بھی بہت تمیزدار ہیں، اور ان کے گھر کی جلیبی نہ کھائی تو سمجھیں کچھ نہ کھایا۔