40 سال سے صفائی کرکے حج کےلیے پیسے جمع کرنے والا جوڑا سعودی عرب پہنچ گیا

انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک بزرگ جوڑے کی زندگی کا سب سے حسین خواب بالآخر حقیقت بن گیا۔ 40 سال تک صفائی کا کام کرنے اور ہر روپیہ جوڑنے کے بعد وہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے۔

لیگیمین نامی یہ بزرگ شہری اور ان کی اہلیہ انڈونیشیا میں صفائی ستھرائی کا کام کرتے رہے۔ دونوں نے مل کر 1986 میں اس نیت سے بچت شروع کی تھی کہ ایک دن خانہ کعبہ کی زیارت نصیب ہو۔ وقت کی سختیوں، مالی تنگ دستی اور زندگی کے نشیب و فراز کے باوجود ان کا حوصلہ کبھی پست نہ ہوا۔ اور آج، 40 برس بعد، ان کی آنکھیں شکر اور خوشی سے چھلک رہی ہیں کیونکہ وہ رب کے گھر پہنچ چکے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے لیگیمین نے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے خواب جیسا ہے۔ ’’میں یقین نہیں کر پا رہا کہ اب میں اپنی آنکھوں سے خانہ کعبہ کو دیکھ سکوں گا۔‘‘ ان کے چہرے پر وہ روحانی چمک اور سکون نمایاں تھا جو برسوں کی دعا اور صبر کا صلہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ اس سفر کو ممکن بنانے میں جہاں ان کی مستقل مزاجی اور دعائیں شامل ہیں، وہیں ’مکہ روٹ انیشی ایٹو‘ اور دیگر مددگار ہاتھوں کا بھی بہت بڑا کردار ہے۔ ’’میں سب سے پہلے اللہ کا شکر گزار ہوں، پھر ان تمام لوگوں کا جنہوں نے ہمارے سفر کو آسان بنایا۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ایسا ممکن ہوگا۔‘‘

Check Also

ملائیشیا؛ کرپشن الزامات پر آرمی چیف کوجبری رخصت پر بھیج دیا گیا؛ تحقیقات شروع

ملائیشیا کے آرمی چیف جنرل تن سری محمد حافظ الدین جنتن کو کرپشن اور منی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *