پاکستان شوبز کی اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں اپنی نئی فلم لو گرو کے ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران انتہائی ناخوشگوار صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ہمایوں سعید کے ہمراہ لندن کے علاقے الفورڈ میں واقع انڈو-پاک سپر مارکیٹ میں مداحوں سے ملنے اور فلم کی تشہیر کے لیے پہنچیں۔
ابتدا میں سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا تھا، لیکن جیسے جیسے ہجوم بڑھتا گیا، صورتحال قابو سے باہر ہونے لگی۔ سیکیورٹی انتظامات انتہائی ناقص تھے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چند اوباش نوجوانوں نے بدتمیزی شروع کردی۔
https://cdn.iframe.ly/api/iframe?url=https%3A%2F%2Fwww.dailymotion.com%2Fvideo%2Fx9k6usw&key=73b4a3e6895a3640b0439dc45f68e4f8
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب ماہرہ خان رش کے دوران اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھیں، تب بعض افراد نے انہیں نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی، جس پر اداکارہ شدید پریشان اور نالاں دکھائی دیں۔
ماہرہ خان کا ارادہ تھا کہ وہ اسٹور کی چھت پر جا کر اپنے مداحوں کو ہاتھ ہلائیں اور ان سے رابطہ قائم کریں، لیکن یہ اقدام بھی ہجوم کے دباؤ کی نذر ہوگیا۔ اس واقعے کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں جن میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کو چھت سے ہاتھ ہلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، مگر اس خوش مزاجی کے پیچھے اداکارہ کی پریشانی چھپی نہیں رہی۔
تاحال نہ ماہرہ خان اور نہ ہی ایونٹ کے منتظمین کی جانب سے اس ناخوشگوار واقعے پر کوئی باقاعدہ بیان سامنے آیا ہے، تاہم مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید مذمت کی جا رہی ہے اور اداکارہ کے لیے اظہارِ یکجہتی کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی فلم لو گرو 6 جون کو سینما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے، اور اس فلم کی پروموشن کے لیے دونوں فنکار ان دنوں بیرونِ ملک دورے پر ہیں۔ تاہم اس افسوسناک واقعے نے ایونٹ کی خوبصورتی کو گہنا دیا۔