کراچی (پبلک پوسٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم یونٹ نے انٹر امتحانات میں نقل میں ملوث مشتبہ سینٹر پر کارروائی کے لیے ٹیم تشکیل دے دی۔
ایف آئی اے حکام نے انٹر بورڈ انتظامیہ کو ٹیم سے متعلق تفصیلات ارسال کردی، چھاپہ مارٹیم کی سربراہی محمد ذیشان اعوان کریں گے۔
ایف آئی اے ٹیم امتحانی مراکز کی سرویلنس کرے گی، ٹیم نقل میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔
ادھر، سندھ میں آج سے گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا جبکہ حیدرآباد اور شہید بےنظیرآباد تعلیمی بورڈز کی جانب سے نقل کی روک تھام کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پہلے ہی روز پرچے اور جوابات سوشل میڈیا کی زینت بن گئے۔
حیدرآباد میں بارہویں جماعت کے مطالعہ پاکستان کا پرچہ وقت سے قبل ہی جوابات کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگیا۔
اسی طرح نوشہروفیروز میں شہید بینظیرآباد بورڈ کے تحت بارویں جماعت کی سندھی کا پرچہ بھی وقت سے قبل آؤٹ ہوگیا۔
دوسری طرف، میرپورخاص میں بارہویں جماعت کا انگلش کا پرچہ لیا گیا، امتحانی مراکز میں سختی نظر آئی۔
سکھر میں گیارہویں جماعت کے طلبہ نے انگریزی پرچہ دیا، امتحانی مراکز میں اسکول اور بورڈ انتظامیہ کی طرف سے سخت انتظامات دکھائی دیے۔