ملک کی معروف اینکر پرسن جیسمین منظور نے اپنے سابق شوہر پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے اپنے زخموں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس اکاؤنٹ پر انہوں نے اپنی متعدد تصاویر شیئر کیں جن میں انکے چہرے کو زخمی دیکھا جا سکتا ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ تصاویر کب کی ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ ’یہ میں ہوں، یہ میری کہانی ہے، میری زندگی پُرتشدد آدمی نے تباہ کردی اور میں اپنا انصاف اپنے اللہ پر چھوڑتی ہوں‘۔
اپنے ایک اور ٹوئٹ میں شوہر کی حمایت کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ان لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے ایک مجرم کی طرف داری کی، یہ میرے سابق شوہر کا دیا گیا تحفہ ہے‘۔
ایک اور پوسٹ میں جیسمین منظور نے کہا ’یہ کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، گھر محفوظ ہونے کے باوجود دنیا میں کوئی محفوظ نہیں ہے، سب سے خطرناک اس دنیا میں وہ لوگ ہیں جن پر آپ آنکھیں بند کرکے بھروسہ کرتے ہیں‘۔
ٹی وی میزبان نے لکھا کہ ان پر بدترین تشدد کرنے کے باوجود ان کے سابق شوہر جناح ہسپتال میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران عیاشی کی زندگی گزار رہے ہیں۔