کراچی (پبلک پوسٹ )
کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب دو مختلف ٹریفک حادثات میں دو موٹر سائیکل سوار جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا۔
پہلا حادثہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ٹرک کی ٹکر سے پیش آیا، جس میں موٹرسائیکل سوار شہری جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے ٹرک کے شیشے توڑ دیئے،
تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ٹرک کو جلنے سے بچالیا۔ ٹرک ڈرائیور عوام کے تشدد سے زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ایک اور واقعہ ناگن چورنگی پل کے نیچے پیش آیا، جہاں ڈمپر کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
دونوں کی لاش اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس دونوں حادثات کی تفتیش کر رہی ہے جبکہ مشتعل ہجوم کی وجہ سے علاقے میں کچھ دیر کے لیے کشیدگی بھی برقرار رہی۔
THE PUBLIC POST