حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف طاقت کے بے رحمانہ استعمال پر اتر آئی، پی ٹی آئی

اسلام آباد(پبلک پوسٹ)تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں سے پولیس کے ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں، حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف طاقت کے بے رحمانہ استعمال پر اتر آئی ہے۔

تحریک انصاف نے کہا ہے کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان نیازی عدالت کے حکم پر پُرامن طور پر موجود تھیں، رات کی تاریکی میں خواتین پر واٹر کینن اور دھکم پیل کے ذریعے حملہ کیا گیا، حکومت نے خواتین کی حرمت اور انسانی اقدار کو یکسر نظر انداز کر دیا، سرد رات میں واٹر کینن سے خواتین زخمی ہوئیں اور کئی کارکن زمین پر گر گئے۔

پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ میڈیا کو پیچھے دھکیل کر سچ کو چھپانے کی کوشش کی گئی، پولیس کے ہاتھوں کارکنوں کی چوٹیں حکومتی سنگدلی کو بے نقاب کرتی ہیں، پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک واقعے میں زخمی ہوئے ، حکومت منتخب نمائندوں کے احترام کو بھی روند چکی ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ حملہ حکومت کی فاشسٹ سوچ اور انتقامی ذہنیت کی علامت ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے رویہ حکمرانوں کے خوف اور عدم اعتماد کا اعتراف ہے، پی ٹی آئی اپنی خواتین، قیادت اور کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہے، ریاستی جبر ہمیں نہ پہلے جھکا سکا نہ اب جھکا سکے گا، ہماری جدوجہد آئین، حق اور سچ کے لیے پوری قوت سے جاری ہے۔

Check Also

سائٹ بی ایریا میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر، شیرشاہ پل پر میاں بیوی شدید زخمی

کراچی (پبلک پوسٹ )کراچی کے علاقے سائٹ بی ایریا میں شیرشاہ پل پر ایک اور ٹریفک …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *