پاکستان مخالف فلم میں کردار، مگر آباؤ اجداد کراچی کے؟رنویر سنگھ سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رنویر سنگھ ان دنوں حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستان مخالف فلم “دھریندر” میں اپنے کردار کی وجہ سے شدید بحث کی زد میں ہیں۔ فلم میں رنویر سنگھ نے ایک بھارتی خفیہ ایجنٹ جسکریت سنگھ رنگی کا کردار ادا کیا ہے جو دہشت گردی کے خلاف خفیہ کارروائی کے لیے کراچی کے علاقے لیاری پہنچتا ہے۔

فلم کی کہانی کے مطابق یہ ایجنٹ روزگار کی تلاش میں آنے والے ایک بلوچ نوجوان کے بھیس میں کراچی میں داخل ہوتا ہے اور خفیہ مشن انجام دیتا ہے۔ اسی متنازع کردار اور فلم کے موضوع کے باعث رنویر سنگھ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے ہیں جبکہ بھارتی میڈیا میں بھی ان پر خاصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ادھر بھارتی چینل این ڈی ٹی وی سمیت بعض میڈیا رپورٹس میں ایک چونکا دینے والا انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ رنویر سنگھ کے آباؤ اجداد کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے تھا۔ رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ حقیقی زندگی میں ایک سندھی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا اصل نام رنویر سنگھ بھاونانی بتایا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ان کے والدین کا خاندان 1947 میں تقسیمِ ہند کے بعد کراچی سے ہجرت کر کے ممبئی منتقل ہوا تھا۔

یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رنویر سنگھ ایک ایسی فلم میں مرکزی کردار نبھا رہے ہیں جسے پاکستان مخالف بیانیے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس تضاد کے باعث سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، جہاں بعض صارفین اسے تاریخ کی ستم ظریفی قرار دے رہے ہیں تو بعض اسے محض ایک فنکار کے پیشہ ورانہ کردار سے جوڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ رنویر سنگھ یا ان کی جانب سے ان رپورٹس پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم فلم اور ان سے جڑے انکشافات بدستور عوامی اور میڈیا حلقوں میں موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔

Check Also

نارتھ کراچی میں نازیبا حرکات کرنے والا اوباش نوجوان گرفتار،ملزم ٹریفک پولیس افسر کا بیٹا نکلا

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کے اطراف کی سڑکوں پر نازیبا حرکات کرنے والے اوباش …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *