کراچی میں غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور غیر ملکی کرنسی کے دھندے کے خلاف اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک کے ایریا مینجر سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس دوران ملزمان کے قبضے سے 15 ہزار امریکی ڈالر اور 4 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔ تلاشی کے دوران تین موبائل فون بھی تحویل میں لیے گئے، جن کے ابتدائی فرانزک جائزے میں غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کے لین دین اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر بینکاری نظام کی آڑ میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
THE PUBLIC POST