فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے ممتاز اداکار دانش تیمور نے ایک خصوصی انٹرویو میں اپنے نئے ڈرامہ سیریل ہمراہی کی کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ڈرامے کی ابتدائی اقساط نے مختصر وقت میں غیر معمولی ریٹنگ حاصل کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب پر 40 ملین ویوز حاصل کر چکا ہے، جن میں تقریباً 20 ملین ناظرین پاکستان جبکہ 20 ملین بھارت سے تعلق رکھتے ہیں۔
دانش تیمور کے مطابق، ناظرین ان کی اور حبا بخاری کی جوڑی کو خاص طور پر پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو خدا کی عطا قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ملنے والی شہرت میں ان کی ذاتی کاوش سے زیادہ قدرتی عنایت شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ عائزہ خان بھی ان کے ڈراموں کو شوق سے دیکھتی ہیں۔
شوٹنگ کے ماحول پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سیٹ پر تمام فنکاروں کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات رہے، اور کام کے دوران کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال پیش نہیں آئی۔ انہوں نے ہدایتکار بابر جاوید کے ساتھ اپنے قریبی اور پیشہ ورانہ تعلق کو بھی سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ڈرامے کی کامیابی میں اس کے او ایس ٹی (اصل ساؤنڈ ٹریک) کا اہم کردار ہوتا ہے، اور ہمراہی کے لیے بھی ایک معیاری گانا تیار کیا گیا ہے۔
دانش تیمور نے اپنے سابقہ کامیاب ڈراموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جیو انٹرٹینمنٹ کے ساتھ ان کے متعدد پراجیکٹس کامیاب رہے ہیں، جن میں دیوانگی اور جاں نثار شامل ہیں، جہاں ناظرین نے ان کی اور حبا بخاری کی کیمسٹری کو بے حد سراہا۔
آخر میں انہوں نے بتایا کہ ہمراہی میں اپنے کردار کو حقیقت کے قریب لانے کے لیے انہوں نے 15 کلوگرام وزن کم کیا، اور ابتدائی اقساط کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد دوبارہ وزن بڑھایا، جو ایک اداکار کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا حصہ ہوتا ہے۔
THE PUBLIC POST