کینیا میں ایک چینی شہری کو نایاب چیونٹیوں کی اسمگلنگ کی کوشش پر ایک سال قید اور 10 لاکھ کینین شلنگ جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملزم ژانگ کیچون کو مارچ میں نیروبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس کے سامان سے 2,200 زندہ ملکہ چیونٹیاں برآمد ہوئیں، جنہیں نہایت مہارت سے ٹیوبز اور ٹشو رولز میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ جنگلی حیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت کارروائی ناگزیر ہے، خصوصاً اس تناظر میں کہ یورپ اور ایشیا میں ان کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
استغاثہ کے مطابق ملزم ژانگ کیچون اور اس کا کینین ساتھی چارلس موانگی مطلوبہ اجازت ناموں کے بغیر جنگلی حیات کی خرید و فروخت میں ملوث تھے۔
ابتدائی طور پر ملزم نے جرم سے انکار کیا تاہم بعد ازاں اعتراف کر لیا، جبکہ اس کے وکیل کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزم نے چیونٹیوں کی خریداری پر مجموعی طور پر 130,000 کینین شلنگ خرچ کیے تھے۔
THE PUBLIC POST