کراچی: دہشت گرد عناصرڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں سرگرم

ریڈ بک میں شامل مطلوب دہشت گرد قاری جمیل برمی اسٹریٹ کرائم کے ایک منظم گینگ کی سرپرستی کر رہا تھا: پولیس

کراچی میں دہشت گردی اور اسٹریٹ کرائم کے گٹھ جوڑ کی ایک خطرناک شکل سامنے آگئی ہے، جہاں دہشت گردی میں ملوث عناصر مالی وسائل حاصل کرنے کے لیے اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی سرگرم پائے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق بلال کالونی میں پولیس مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم نعمان برمی نے دورانِ تفتیش اہم اور سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ریڈ بک میں شامل مطلوب دہشت گرد قاری جمیل برمی اسٹریٹ کرائم کے ایک منظم گینگ کی سرپرستی کر رہا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قاری جمیل برمی کا شمار قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب خطرناک دہشت گردوں میں ہوتا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزم نعمان برمی دہشت گردی کی مختلف سرگرمیوں میں بھی ملوث رہا ہے اور اس کے گروہ نے مالی وسائل کے حصول کے لیے اسٹریٹ کرائم کا راستہ اختیار کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان موٹر سائیکلیں چھیننے، گھروں میں ڈکیتیوں اور بینک ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم بم سازی اور دھماکا خیز مواد تیار کرنے کا ماہر بھی ہے، جبکہ وہ 2012 سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔

تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر طویل عرصے سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں سرگرم تھے اور ان جرائم سے حاصل ہونے والی رقم مختلف سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جاتی تھی۔

پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس گروہ کا ایک اہم کارندہ قاری بلال تھا، جو چند ماہ قبل گلستانِ جوہر میں واردات کے دوران مارا گیا تھا۔

قاری بلال کو ایک شہری نے مزاحمت کے دوران فائرنگ کرکے گلستانِ جوہر پل کے قریب ہلاک کر دیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور انکشافات کی روشنی میں گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

Check Also

حیدرآباد: ایس ایس پی آفس کے باہر ہنگامہ آرائی،جونیئر کلرک سمیت 15 خواجہ سرا گرفتار

حیدرآباد میں ایس ایس پی آفس کے باہر مبینہ احتجاج، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *