21 سابق کرکٹ کپتانوں کا وزیراعظم کو خط، عمران خان کیلئے طبی سہولیات کا مطالبہ

دنیا بھر کے 21 سابق ٹیسٹ و بین الاقوامی کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک اور خط لکھ کر سابق پاکستانی کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے اور مناسب علاج کا مطالبہ کر دیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سابق کپتانوں نے خط میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کرنے اور ایسے میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی جس میں ان کے ذاتی معالجین اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی شامل ہوں جبکہ ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بھی بحال کی گئی تھیں۔

خط میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عمران خان کا ہسپتال میں قیام صرف چند گھنٹوں تک محدود رہا اور سپریم کورٹ کی ہدایت کردہ میڈیکل بورڈ کے بجائے سرکاری طور پر مقرر کردہ ٹیم نے ان کا معائنہ کیا جس نے انہیں طبی طور پر فٹ قرار دے کر واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔

سابق کپتانوں نے تین مطالبات پیش کیے ہیں جن میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق میڈیکل بورڈ کو عمران خان، خصوصاً ان کی دائیں آنکھ کی مبینہ بینائی میں کمی، کا مکمل اور آزادانہ معائنہ کرنے کی اجازت دینا، ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بلا تعطل یقینی بنانا اور طبی معائنے کی بنیاد پر تجویز کردہ علاج فوری فراہم کرنا شامل ہے۔

خط پر دستخط کرنے والوں میں مائیکل ایتھرٹن، ایلکس بلیک ویل، ایلن بارڈر، مائیکل بریرلی، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، ایلسٹر کک، مائیکل گیٹنگ، سنیل گواسکر، لی جرمین، ایڈم گلکرسٹ، ڈیوڈ گاور، کم ہیوز، ناصر حسین، کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ارجنا راناٹنگا، اینڈریو سٹراس، دلیپ وینگسرکر، سٹیو وا اور جان رائٹ شامل ہیں۔

سابق کپتانوں نے واضح کیا کہ وہ یہ اپیل سیاستدانوں کی حیثیت سے نہیں بلکہ کرکٹ کے میدان میں عمران خان کے سابق ساتھیوں اور حریفوں کی حیثیت سے کر رہے ہیں اور پاکستان کے داخلی قانونی معاملات میں مداخلت کا ارادہ نہیں رکھتے۔

واضح رہے کہ یہ سابق عالمی کپتانوں کی جانب سے وزیراعظم کو چھ ماہ کے دوران دوسرا خط ہے، رواں سال فروری میں 14 سابق کپتانوں نے بھی عمران خان کی صحت اور مبینہ طور پر ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

یاد رہے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے سابق کپتان کی صحت کے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عمل درآمد کیا گیا اور شفاف معائنہ کرایا گیا، بانی پی ٹی آئی کے معائنے کے وقت ان کی ہمشیرہ اور شفا کے ڈاکٹر موجود تھے، سپریم کورٹ کے حکم کی تمام ریکوائرمنٹس مکمل کی گئیں۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ معائنہ شفاف طریقے سے ہوا، سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل تھے، انتظامیہ نے آئین و قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد یقینی بنایا، سپریم کورٹ کے حکم کے بعد معائنہ کرایا گیا اور تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے۔

Check Also

صدر آصف زرداری کا کیٹی بندر کی ترقی کیلئےمربوط حکمتِ عملی اپنانے کا حکم

کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیٹی بندر کی ترقی کیلئے مربوط حکمتِ عملی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *