کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور ٹریفک حادثے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ایدھی حکام کے مطابق پاک کالونی کے میوہ بازار کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 35 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کردی گئی تاہم فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب گلشن حدید کے شاہ ٹاؤن، بابو گبول گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
چھیپا حکام کے مطابق مقتول کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت 30 سالہ نصیب اللہ کے نام سے ہوئی۔
ادھر اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد، بجلی نگر میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی کی شناخت فیاض خان کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر فائرنگ کا واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
THE PUBLIC POST