اسلام آباد(پبلک پوسٹ)وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کی سہولت کے لیے ٹیکس گوشواروں کو ڈیجیٹل، مختصر اور مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک کرکے آسان ترین بنا دیا گیا ہے، اب نئے آسان ٹیکس گوشواروں سے تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ مستفید ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس نظام کی اصلاحات کے مثبت ثمرات وزیرِ خزانہ، معاشی ٹیم، چیئرمین ایف بی آر اور انکی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ حکومت کی اولین ترجیحات میں ٹیکس بیس کا اضافہ اور غریب آدمی پر ٹیکس کے بوجھ میں مزید کمی شامل ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکس گوشواروں (Returns) کی آسانی کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ نئے نظام کے تحت گوشوارے جمع کروائیں۔ ایف بی آر کی تمام اصلاحات کی شفافیت کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس گوشوارے کا آسان اور اردو میں ہونا خوش آئند امر ہے، گوشوارے بھرنے کے عمل میں مدد کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے، ڈیجیٹل انوائسنگ کا بھی اردو میں اجراء کیا جائے، ٹیکس اصلاحات میں عام آدمی کی سہولت پر توجہ مرکوز کی جائے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن، مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نظام کے اطلاق اور دیگر اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیف کوارڈینیٹر مشرف زیدی، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو ڈیجیٹل انوائسنگ، ای بلٹی، ٹیکس گوشواروں کو آسان بنانے، مصنوعی ذہانت پر مبنی اسیسمنٹ سسٹم، سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام اور کارگو ٹریکنگ سسٹم پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو ایف بی آر کے کمانڈ اینڈ کنٹرول یونٹ کے قیام کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس کے لیے بِڈنگ جلد مکمل کرکے ستمبر تک اسے مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا، اس سے نہ صرف مرکزی ڈیٹا میسر ہوگا بلکہ فیصلہ سازی میں بھی آسانی ہوگی۔