پختونخوا میں مزید بارشوں سے لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ، سیاحوں کو سفر سے گریز کی ہدایت

وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے پشاور پہنچ گئیں۔

ترجمان کے مطابق این ڈی ایم اے صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ گزشتہ شام چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی تھی۔

این ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ تمام سول اور عسکری ادارے باہمی رابطے میں ہیں اور امدادی کارروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ہنگامی صورتحال سے موثر طور پر نمٹا جا سکے۔

محکمے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں شمالی علاقہ جات میں مزید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس لیے سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آئندہ 5 سے 6 روز تک شمالی علاقہ جات کا سفر نہ کریں اور شہری بارشوں اور سیلاب کے دوران حفاظتی اقدامات لازمی اپنائیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث 214 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہو چکے ہیں جب کہ 55 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور مقامی رضاکار مشترکہ طور پر ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے اور فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Check Also

اسرائیل کی یمن پر بمباری، حوثیوں کے وزیراعظم اور متعدد وزرا جاں بحق

اسرائیل کی یمن پر ہونے والی بمباری میں حوثیوں کے وزیراعظم احمد الرہوی متعدد وزرا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *