محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون ہوائیں 18 اگست سے مضبوط ہو کر صوبے میں پھیل جائیں گی اور 18 اگست کی شام کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جاری بیان میں محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے کہا کہ مون سون کی کمزور ہوائیں صوبے میں داخل ہورہی ہیں، مون سون ہوائیں 18 اگست سے مضبوط ہو کر صوبے میں پھیل جائیں گی۔
بیان کے مطابق 18 اگست کی شام کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مون سون سسٹم کے زیر اثر 18 اگست کو دن کے وقت موسم گرم و مرطوب رہ سکتاہے، اس دوران گرمی کا پارہ 37 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔
آج اور کل کراچی میں رات و صبح کے اوقات میں ہلکی بارش،پھوار،بونداباندی کا امکان ہے، آج صوبے کے بیشتر علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ہوسکتی ہے۔
عمرکوٹ، میرپورخاص، تاہم بدین، سانگھڑ، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، حیدرآباد، ٹنڈو الہیار ، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، شہید بینظیر آباد اور خیرپور کے اضلاع میں آج ہلکی بارش کا امکان ہے۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیرضیغم کا ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سسٹم سے متعلق سیٹلائٹ سے موصولہ تصاویر کے مطابق مون سون کا نیا سلسلہ اس وقت بھارتی راجستھان پر موجود ہے،جس کے تحت دیہی سندھ کے تھرپارکر اور عمرکوٹ کے قرب وجوار میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پیرکی شام تا رات یہ سلسلہ کراچی کا رخ کرےگا جبکہ بدھ، جمعرات (20تا21اگست) کراچی میں تیز بارشوں کے کئی اسپیل متوقع ہے، جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
انجم نذیر کے مطابق ابھی ان بارشوں کی ملی میٹر میں پیش گوئی نہیں کی جاسکتی البتہ یہ سسٹم کبھی کبھار ہیوی بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔
موسم کی غیرسرکاری سطح پر پیش گوئی کرنے والے ادارے ویدرڈاٹ پی کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق سندھ و راجستھان ریجن پر بنی سائیکونک سرکولیشن بتدریج جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہی ہے، ہندوستانی کچ میں موجود سسٹم کی وجہ سے دیہی سندھ قریب کے اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
مذکورہ سرکولیشن پاکستان کے جنوبی علاقوں کی طرف بھی مون سون ہواوں کو کھینج رہا ہے،کراچی میں اس گردش کی وجہ سے سمندری ہواوں کی رفتار کم ہورہی ہے،تاہم شہر میں نچلی سطح کے بادل بھی بن سکتے ہیں، جس کے سبب شمال مشرقی علاقوں میں پھوار اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے، 20 اگست کو کراچی میں تیز بارشوں کے 2 تا 3 اسپیل متوقع ہیں۔