ابھرتی ہوئی اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار ایمن زمان نے شادی کے ڈیڑھ سال بعد شوہر مجتبیٰ لاکھانی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے شوہر پر دھوکا دینے کا الزام بھی عائد کردیا۔
ایمن زمان نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیے، جہاں ان سے شوہر سے متعلق بھی سوالات کیے گئے۔
بعض مداحوں نے ان سے پوچھا کہ وہ بتائیں کہ کیا انہوں نے اپنے شوہر سے واقعی علیحدگی اختیار کرلی ہے یا نہیں؟
اس پر ایمن زمان نے جواب دیا کہ ’یہ سچ ہے کہ ان کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے اور یہ کہ وہ مذکورہ معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتیں‘۔
ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ بتا سکتی ہیں کہ کیا واقعی حاصل ہونے کے بعد لوگ بدل جاتے ہیں؟
اس پر ایمن زمان نے تفصیلی جواب دیا اور لکھا کہ یہ بات شخص پر منحصر ہوتی ہے، اگلا لڑکا یا لڑکی کس طرح کی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اگر کسی کو محسوس ہوجائے کہ لڑکا یا لڑکی ان کے لیے ٹھیک نہیں ہے، وہ ان سے باتیں چھپانے لگے ہیں اور انہیں دھوکے میں رکھنے لگے ہیں تو ایسے افراد سے راہیں جدا کرلینی چاہیے۔
ایمن زمان نے لکھا کہ جو شخص کسی کو چاہتا ہے، وہ کبھی بھی اپنی محبت کو دھوکا نہیں دیتا، وہ اپنی محبت کو رونے نہیں دیتا، ان کی آنکھوں میں آنسوں نہیں آنے دیتا، وہ محبت کو کھونے سے ڈرتا ہے، وہ کبھی دھوکا نہیں دیتا۔
اداکارہ نے لکھاکہ سچا شخص کبھی بھی دھوکا نہیں دیتا، وہ عزت کرنا نہیں چھوڑتا، وہ محبت کرنا نہیں چھوڑتا اور جو شخص دھوکا دے تو وہ کبھی سچا نہیں ہو سکتا۔—اسکرین شاٹ
انہوں نے لکھا کہ جو شخص بار بار دھوکا دے، جو بار بار عزت نہ کرے، ایسے شخص سے احتیاط کرنا چاہیے اور پھر ان سے دوری اختیار کرنی چاہیے۔
ایمن زمان نے واضح طور پر شوہر کے ساتھ ہونے والے مسائل اور علیحدگی کا ذکر نہیں کیا، تاہم انہوں ںے سوال کا جواب دیتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے اور شوہر کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے۔
دوسری جانب ان کے شوہر مجتبیٰ لاکھانی کے مبینہ اسکرین شاٹ بھی وائرل ہو رہے ہیں، جن میں وہ بتا رہے ہیں کہ ان کی اہلیہ نے تاحال انہیں خلع کے کاغذات نہیں بھجوائے، ابھی تک ان کے درمیان رشتہ ختم نہیں ہوا۔
ایمن زمان اور مجتبیٰ لاکھانی نے فروری 2024 میں کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد شادی کی تھی اور اب شادی کے ڈیڑھ سال بعد ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آگئیں۔ایمن زمان کے شوہر کی اسٹوری کا مبینہ اسکرین شاٹ