بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں کالج سے واپس آنے والی بی فارمیسی کی طالبہ کو دن دہاڑے سڑک پر گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 21 سالہ کالج طالبہ یامنی پریا کو گزشتہ روز سری رام پورہ ریلوے ٹریک کے قریب دن دہاڑے قتل کیا گیا۔ حملہ آور لڑکی کا گلا کاٹ کر موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ یامنی بنگلورو کے ایک کالج میں بی فارمیسی کی طالبہ تھی، وہ صبح 7 بجے امتحان دینے کے لیے گھر سے نکلی اور واپس آتے ہوئے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق طالبہ جب منتری مال کے قریب سے گزر رہی تھیں تو ایک نوجوان پیچھے سے آیا، اچانک اس پر حملہ کیا اور گردن پر تیز دھار آلے سے وار کر کے فرار ہو گیا۔
موقع پر موجود شہریوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی، جس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے شواہد اکٹھے کر لیے۔ پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔