جنوبی افریقا نے ویمنز ورلڈکپ سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔
گوہاٹی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے میں 125 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
فاتح سائیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 319 رنز بنائے۔ کپتان لورا وولوارٹ نے 143 گیندوں پر 169 کی کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی جس میں 20 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
تزمین برٹس نے 45 اور مریزان کیپ نے برق رفتار 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں جبکہ شول ٹائرون 33 اور ناڈین ڈی کلرک 11 رنز رنز پر ناقابل شکست رہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے صوفی ایکلیسٹون نے 4 اور لورین بیل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی جوابی اننگز 42.3 اوورز میں 194 رنز تک محدود رہی۔ ٹاپ تھری بیٹرز ایمی جونز، ٹیمی بیومونٹ اور ہیتھر نائٹ کو صفر کی خفت کا سامنا رہا۔
نیٹ اسکویر برنٹ 64 اور ایلیس کیپسی نے 50 رنز بناکر کچھ مزاحمت کی تاہم ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کروا سکیں۔ ڈینی ویاٹ ہوج 34 اور لنزے اسمتھ 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مریزان کیپ نے 5 وکٹیں اڑاکر انگلش بیٹنگ لائن کی تباہی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ناڈین ڈی کلرک نے 2 جبکہ آیابونگا خاکا، ملابا اور سون لوس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرا سیمی فائنل آج دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور میزبان بھارت کے درمیان ہوگا۔
اب تک منعقدہ 12 ایڈیشنز میں سے آسٹریلیا 7، نگلینڈ 4 اور نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک بار چیمپئن بنی ہے۔ افریقی ٹیم ٹرافی جیت کر نئی تاریخ رقم کرسکتی ہے۔
THE PUBLIC POST