کراچی (پبلک پوسٹ )
پاکستان کے سب سے بڑے انٹر اسکول اسپورٹس و اکیڈمک مقابلوں کے میلے
بیت السلام اولمپیاڈ 2025ء کا شان دار افتتاح کراچی کے دی انٹیلیکٹ اسکول کے آڈیٹوریم میں ہوا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی آئی جی سندھ غلام نبی میمن تھے جبکہ ڈی آئی جی انویسٹیگیشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف اسکول سسٹمز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بیت السلام کا ایک بڑا اور مثبت اقدام ہے، جو نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ کھیل طلبہ میں نظم و ضبط، قیادت اور باہمی تعاون کے جذبے کو پروان چڑھاتے ہیں۔
بیت السلام یوتھ سوسائٹی (BYS) کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا یہ ایونٹ 6 نومبر سے 16 نومبر تک جاری رہے گا، جبکہ اختتامی تقریب 18 نومبر کو ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب (معین خان اکیڈمی) میں منعقد ہوگی۔
اولمپیاڈ کے اس 9ویں سیزن میں ملک بھر کے 300 سے زائد تعلیمی اداروں کے 3,000 سے زائد طلبہ حصہ لے رہے ہیں جو 50 سے زائد اکیڈمک اور اسپورٹس مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
بیت السلام ویلفیئر ٹرسٹ اور بیت السلام یوتھ سوسائٹی کا مقصد نوجوانوں میں مثبت سوچ، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کے لیے کارآمد کردار ادا کر سکیں۔
THE PUBLIC POST