سرزمین کا تحفظ اور قومی سالمیت اولین ترجیح ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کا تحفظ، قومی سالمیت اور ہر پاکستانی شہری کی حفاظت پاک فوج کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ–27 کے شرکاء نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا،جی ایچ کیو میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا کو ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا یہ اہم تربیتی پروگرام NSW–27 ارکانِ پارلیمان، سینئر سول و عسکری افسران، ماہرینِ تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے تاکہ قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر جامع آگاہی فراہم کی جا سکے۔

بیان کے مطابق آرمی چیف نے قوم کے اتحاد کو پاکستان کی اصل قوت قرار دینے کے عزم کا اظہار کیا، دورے میں انہیں پاکستان کے علاقائی و داخلی سیکیورٹی ماحول اور مجموعی قومی سلامتی کی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

شرکاء نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے خصوصی نشست میں تبادلۂ خیال بھی کیا، آرمی چیف نے خطے کے تبدیل ہوتے سیکیورٹی ماحول کا ذکر کیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشمکش، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ جنگ جیسے چیلنجز نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور معلوماتی جنگ کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج، انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ایک باوقار ملک ہے اور عالمی برادری میں اسے اس کا جائز مقام ضرور حاصل ہوگا۔ “معرکۂ حق” کے دوران پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم نے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔

سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی قوت قومی اتحاد ہے اور ہم اسی اتحاد کے ساتھ دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے، ان شاء اللہ۔

شرکاء کو ملک میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، جن میں اسمگلنگ، منشیات کی ترسیل اور منظم جرائم کے نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن شامل ہے، بریفنگ میں سرحدی انتظام بہتر بنانے اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے اقدامات پر تازہ پیش رفت بھی شیئر کی گئی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کا تحفظ، قومی سالمیت اور ہر پاکستانی شہری کی حفاظت پاک فوج کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہم آہنگ قومی کوششیں انتہائی ضروری ہیں۔

عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ملکی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

Check Also

ملک میں سونے کی کھپت کتنی، قیمت کا تعین کیسے ہوتا ہے؟ گزشتہ سال کتنے ملین ڈالر کاسونا درآمد کیا گیا؟

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان کی سونے کی مارکیٹ پر ”کمپٹیشن ایسسمنٹ اسٹڈی“ جاری …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *