وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف فراڈ کے ذریعے انتہائی کم قیمت لگوا کر سرکار کو کم رقم ادا کی اور قیمتی تحائف اپنی ذات کے لیے رکھ لیے، جس سے ریاست کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بشریٰ بی بی نے بھی توشہ خانہ کے تحائف روک کر مالی فائدہ حاصل کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق ان اقدامات کے نتیجے میں ریاست کو مجموعی طور پر 3 کروڑ اور 7 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کا حالیہ فیصلہ مکمل طور پر انصاف پر مبنی ہے اور قانون کے مطابق سنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں سنائی گئی سزا 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سزا کی مدت مکمل ہونے کے بعد شروع ہوگی، جبکہ 14 سال قید کی سزا ختم ہونے کے بعد 17 سال قید کی سزا کا آغاز ہوگا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت قانون کی بالادستی اور قومی خزانے کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اور کسی کو بھی ریاستی وسائل کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ احتساب کا عمل بلا تفریق جاری رہے گا اور تمام فیصلے شواہد اور قانون کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔
THE PUBLIC POST