کراچی میں رواں سال کے دوران جرائم، حادثات اور مختلف پرتشدد واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے اعداد و شمار سامنے آ گئے ہیں۔ ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق شہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 89 شہری قتل ہوئے، جبکہ شہریوں کے تشدد سے 14 مبینہ ڈاکو ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری سے اب تک ڈکیتیوں اور ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 830 افراد جاں بحق اور 11 ہزار 837 زخمی ہوئے۔ شہر میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے نتیجے میں 407 افراد جان سے گئے، جبکہ 1632 شہری زخمی ہوئے۔
چھیپا فاؤنڈیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چھریوں کے وار سے 43 افراد قتل ہوئے، گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں 11 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔ مختلف واقعات میں جھلسنے کے باعث 21 افراد جاں بحق جبکہ 128 زخمی ہوئے۔
مزید بتایا گیا کہ کرنٹ لگنے سے 131 افراد جان کی بازی ہار گئے، مین ہول میں گرنے سے 13 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ کھلے نالوں میں ڈوبنے سے بھی 13 افراد کی موت واقع ہوئی۔
رپورٹ میں شہری انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ، ٹریفک نظم و ضبط اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو کم کیا جا سکے۔
THE PUBLIC POST