کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر نے کہا ہے کہ قیامِ پاکستان کے موقع پر مہاجر برادری نے جو لازوال قربانیاں دیں وہ ہماری قومی تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ مہاجر کلچر ڈے کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی جانب سے مہاجر برادری کو دلی مبارکباد پیش کی گئی۔
راجہ اظہر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں اور ان کے ثقافتی دنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، کیونکہ پاکستان کی اصل طاقت اس کا ثقافتی تنوع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر برادری نے نہ صرف قیامِ پاکستان کے وقت بے مثال قربانیاں دیں بلکہ بعد ازاں ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر فہیم خان نے کہا کہ مہاجروں نے جان و مال کی قربانیاں دے کر نئی تاریخ رقم کی اور پاکستان کی تعلیمی، معاشی، صحافتی اور انتظامی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر کلچر ڈے ہمیں اتحاد، رواداری، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے۔
مزید کہنا تھا کہ تمام قومیتوں کا باہمی احترام اور ثقافتی شناختوں کا اعتراف ہی ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، اور پاکستان تحریک انصاف اسی سوچ کے تحت سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے۔
THE PUBLIC POST