لاہور(پبلک پوسٹ)پنجاب حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیہی خواتین کے لیے اسپیشل بسیں چلانے کا فیصلہ کر لیا۔
ہر دیہی تحصیل سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر تک بس سروس شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انٹر ویلج ٹرانسپورٹ پلان بھی طلب کر لیا ہے۔ دور دراز اضلاع میں مرحلہ وار 25 بسوں پر مشتمل ماس ٹرانزٹ سسٹم شروع کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دیہاتی خواتین کی ٹرانسپورٹیشن کے لیے جامع پلان طلب کرتے ہوئے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں خواتین مسافروں کے لیے سبسڈی دینے کے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ان کی ہدایت پر پنجاب کا پہلا ویمن ٹرانسپورٹ سیلوشن پلان تیار کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم دیہات میں رہنے والی خواتین کا بھی حق ہے۔ دیہی خواتین کے لیے ٹرانسپورٹ کا نظام نہ ہونا انتہائی تکلیف دہ ہے، جبکہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی سے ان کا اعتماد بڑھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبات اور مریض خواتین کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی، دیہی خواتین کو پبلک ٹرانسپورٹ میں تکلیف دہ حالات میں سفر کرتے دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے۔