چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید مسافروں اور ایف سی اہلکاروں کے اہل خانہ سےتعزیت کیا ہے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ ہماری فوج قربانیاں دے رہی ہے، فورسز نے جس طرح جعفر ایکسپریس کے مسافروں کی بازیابی کے لیے کامیاب آپریشن کیا ہے، اس پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتےہیں۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ ہم سب کو ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا ہوگا۔واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے، اسی سلسلے میں ارکان قومی اسمبلی اور وزرا نے بھی ایوان زیریں میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں شرپسندوں کی جانب سے وین پر فائرنگ کے بعد کرم ایجنسی کا علاقہ ڈھائی مہینے تک ’شدید کشیدگی‘ کا نشانہ بنا رہا تھا۔اسی طرح بلوچستان میں سرکاری تنصیبات پر پے درپے حملے کے واقعات دیکھے گئے، مسافروں کو بسوں سے اتارکر قتل کرنے کے واقعات بھی پیش آئے، اس دوران پاک افغان سرحدی علاقوں سے غیر ملکی دہشتگرد بھی پکڑے گئے۔
پاکستان میں گرفتار اور ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں افغان صوبے کے گورنر کا بیٹا، ملٹری اکیڈمی کا کمانڈر بھی شامل ہیں، جب کہ افغان حکام کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشتگردوں کی سپورٹ کے بھی واضح ثبوت ملے ہیں۔گزشتہ دنوں بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو یرغمال بنانے کے واقعے کے بعد محسوس ہوتا ہے، ریاست اب سخت ایکشن لینے جارہی ہے، اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کے بلوچستان کے دورے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔