اداکارہ نعیمہ بٹ کا کہنا ہے کہ شوبز کی دوستیاں صرف سوشل میڈیا تک ہوتی ہیں حقیقت میں کوئی دوست نہیں ہوتا۔
حال ہی میں ڈرامہ ’کبھی میں کبھی تم‘ سے مشہور ہونے والے اداکارہ نعیمہ بٹ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری کے کچھ تلخ حقائق پر کھل کر بات کی۔ نعیمہ نے کہا کہ شوبز میں اکثر دوستیاں صرف سوشل میڈیا تک محدود ہوتی ہیں اور حقیقت میں ان میں کوئی گہرائی یا خلوص نہیں ہوتا۔
نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا کہ ان کے چند ساتھی اداکار سوشل میڈیا پر قریبی دوست بننے کا دکھاوا کرتے ہیں، مگر نجی محفلوں اور تقریبات میں ان کا رویہ بالکل مختلف ہوتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کچھ لوگ ایونٹس کے دوران انہیں پیچھے دھکیلنے کی کوشش کرتے تھے، جبکہ آن لائن یہ تاثر دیتے تھے جیسے وہ بہترین دوست ہوں۔
اداکارہ نے بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ شوبز میں دکھائی جانے والی ’فرینڈشپ گولز‘ اکثر ایک مصنوعی تصویر ہوتی ہے۔ نعیمہ نے مزید کہا کہ وہ ایسی جھوٹی اور بناوٹی دوستیوں سے دور رہنا پسند کرتی ہیں اور اپنی توجہ سچے اور بامعنی تعلقات پر مرکوز رکھتی ہیں۔
ان کے اس بے باک مؤقف کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے جبکہ کئی لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔